کراچی میں خونی ڈمپرز نے ایک شہری کی جان لے لی

کراچی کی سڑکوں پر ڈمپرز کا خونی کھیل جاری ہے، کورنگی انڈس چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 40 سالہ محمد اقرار ولد محمد اصرار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائربریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔

دوسری جانب گلشن اقبال کے علاقے شانتی نگر میں جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے معذور شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ ایوب جھونپڑی میں موجود تھا اور معذوری کے باعث باہر نہ نکل سکا۔

فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھادی، جب کہ جاں بحق شخص کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔