ترکیہ کی درخواست پر پاک،افغان مذاکرات بحال

استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان فریق سے مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہونے کے باعث پاکستانی وفد کی واپسی متوقع تھی، تاہم ترکیہ کے حکام کی درخواست پر وفد نے اپنا قیام بڑھا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام نے بھی سفارتی سطح پر رابطے بحال کیے ہیں، جس کے بعد مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر دونوں ممالک رضا مند ہوگئے ہیں۔

ترکیہ کی خواہش ہے کہ اس کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات مثبت اور دیرپا نتائج دیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اب استنبول میں قیام بڑھاتے ہوئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائے گا تاکہ خطے میں امن کے امکانات کو ایک اور موقع دیا جا سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مذاکرات کا محور پاکستان کا مرکزی مطالبہ ہوگا — کہ افغانستان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگرد گروہوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرے۔