پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ انجام کو پہنچ گیا،4 ڈاکو ہلاک

پشاور: پولیس وردی میں وارداتیں کرنے والے 4 ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے، ہلاک ملزمان میں 3 افغان شہری شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق کارروائی پشاور کے علاقے میراکچھوڑی مہرگل کلے میں کی گئی، اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ میں گروہ کے چاروں ارکان ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود احمد بنگش نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو 2003 سے پولیس کی وردی میں ڈکیتیاں کر رہے تھے اور ڈاکٹر کے گھر سے کروڑوں روپے اور زیورات لوٹنے میں بھی ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق تین ہلاک ڈاکو افغان شہری تھے، جبکہ گروہ پشاور، راولپنڈی، نوشہرہ اور دیگر اضلاع کی پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔

موقع سے کلاشنکوف، رائفل، دو پستول اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔