پنجاب میں غریب کی زمین پر اب قبضہ نہیں ہوگا،وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب کسی غریب یا کمزور شخص کی زمین پر غیر قانونی قبضہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری سے نیا پراپرٹی آرڈیننس نافذ کیا گیا ہے جس سے قبضہ مافیا کے غیر قانونی راستے مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پہلے زمینوں پر قبضے کے کیسز عدالتوں میں 40 سال تک چلتے رہتے تھے لیکن فیصلے نہیں آتے تھے، تاہم اب ہر کیس کا فیصلہ 90 روز میں کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی کو غیر قانونی سرگرمی، اسلحے کی نمائش یا خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور عوام کے حقوق کے تحفظ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا وزیراعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب میں ترقی اور گورننس کے نئے معیار باقی صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکے ہیں، اور مریم نواز روزانہ نئے منصوبے شروع کر کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنا رہی ہیں۔ منصوبوں میں وسائل اور فنڈز کا درست استعمال، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔