گلگت: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت بن چکی ہے، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ شدت اختیار کر چکا ہے۔
گلگت بلتستان کے 78ویں جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر طویل عرصے سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہے، وہاں کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اب ناگزیر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان میرے لیے گھر کی مانند ہے، آپ کی بہادری اور قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ 1947 کی جنگ میں گلگت بلتستان کے 1700 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا اور علاقے کو پاکستان کا حصہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گلگت بلتستان کو قانون ساز اسمبلی دی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کی ہر وادی میں تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو اپنی ایئرلائن ملنی چاہیے تاکہ علاقے کی رسائی بہتر ہو۔
صدر نے کہا کہ یہ پہاڑ ہماری مشترکہ میراث ہیں، آج کا دور رابطوں اور ترقی کا ہے۔ سی پیک پاکستان کی ترقی کی علامت ہے اور چین ہمارا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک فیز ٹو کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، گلگت بلتستان کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی کے مترادف ہے۔
قبل ازیں صدر مملکت نے گلگت بلتستان کے جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی، جہاں گورنر اور وزیر اعلیٰ نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر نے انہیں روایتی ٹوپی پیش کی جبکہ صدر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos