اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کی جانب سے واپس کیے گئے تین افراد کے اجسام کسی بھی لاپتہ اسرائیلی یرغمالی سے مطابقت نہیں رکھتے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ باقیات جمعے کی شب بین الاقوامی ریڈ کراس کے ذریعے غزہ سے اسرائیل منتقل کی گئیں، جہاں تل ابیب میں ان کا فرانزک معائنہ کیا گیا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اجسام ان 11 اسرائیلیوں میں شامل نہیں جنہیں اب بھی حماس کی قید میں رکھا گیا ہے۔
القصام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکام نے نمونے وصول کرنے سے انکار کیا اور مکمل لاشوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ گروپ کا کہنا ہے کہ وہ ’یلّو لائن‘ نامی علاقے میں موجود یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور ریڈ کراس سے مزید سہولتیں فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (ICRC) کے مطابق وہ صرف انسانی بنیادوں پر فریقین کے درمیان لاشوں کی منتقلی میں معاونت کرتی ہے، جبکہ تلاش اور واپسی کی ذمہ داری متعلقہ فریقوں پر ہوتی ہے۔
سیزفائر معاہدے کے بعد سے اب تک حماس 17 یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر چکی ہے، تاہم معاہدے کے مطابق 72 گھنٹوں میں تمام لاشوں کی واپسی کا وعدہ پورا نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب اسرائیل نے جمعے کے روز 30 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos