پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر رکھا ہے،حافظ نعیم

 کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر رکھا ہے، شہر میں لوٹ مار اور بدانتظامی عروج پر ہے، ہم کراچی کو اس نظام سے آزاد کرائیں گے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے منتخب اراکین اپنی بساط سے بڑھ کر عوامی خدمت میں مصروف ہیں، شہر کے 9 ٹاؤنز میں ترقیاتی کاموں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سڑکیں خستہ حال ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہے لیکن شہریوں کو ہزاروں کے ای چالان بھیجے جا رہے ہیں۔ ایس تھری منصوبہ تاخیر کا شکار ہے، ریڈ لائن نے یونیورسٹی روڈ تباہ کر دیا ہے جبکہ اورنج لائن بھی پورے اورنگی کو کور نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث کراچی میں قبضے کی سیاست عروج پر ہے، شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ لاہور میں جہاں چالان 200 روپے کا ہے، وہیں سندھ میں 5 ہزار کا ہے — یہ عوام پر ظلم ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے من پسند حلقہ بندیوں اور دھاندلی کے ذریعے اپنا میئر منتخب کرایا۔ تاحال ٹاؤنز کو اختیارات نہیں دیے گئے، کچرا اٹھانے کے اختیارات بھی سندھ حکومت کے پاس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے محدود اختیارات کے باوجود ترقیاتی کام کر رہی ہے، مگر سندھ حکومت ٹاؤنز کو فعال نہیں ہونے دے رہی۔ کراچی کے نوجوانوں کو روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے سرکاری نوکریوں پر قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 سے 15 سال گزر گئے لیکن کراچی کے بڑے منصوبے تاحال مکمل نہیں ہو سکے۔ پیپلز پارٹی نے شہر کے ساتھ مسلسل زیادتی کی ہے، ہم اس نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔