اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں سیز فائر خلاف ورزیاں، 7 افراد شہید

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ایک روز میں مزید 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں 236 فلسطینی شہید اور 600 زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ مغربی علاقے میں اسرائیلی حملوں کے باعث تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے مزید 2 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ خان یونس اور دیگر علاقوں میں بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 68,858 ہو گئی جبکہ زخمی افراد کی تعداد 1,70,664 تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران بچوں سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جنوبی لبنان میں صیہونی فوج نے کار پر ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہو گئے۔