بھارتی فوج کے سربراہ کا اعتراف: کراچی پر حملے کی خبر جعلی نکلی

نئی دہلی: بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندرا دویدی نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں نے خود فوجی سطح پر بھی الجھن پیدا کر دی تھی۔

جنرل دویدی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں کیے گئے "آپریشن سندور” کے دوران بھارتی سوشل میڈیا پر کراچی پر حملے کی جعلی خبریں وائرل ہوئیں۔ ان کے مطابق "اتنی زیادہ افواہیں اور جھوٹے دعوے سامنے آئے کہ ایک وقت پر ہمیں بھی یہ خبریں سچ لگنے لگیں۔”

بھارتی آرمی چیف نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں افواہیں اور غلط معلومات اتنی تیزی سے پھیلتی ہیں کہ حقیقت اور فرضی خبر میں فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیکیورٹی کے چیلنجز تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں — سائبر حملوں سے لے کر خلا میں ہونے والی ممکنہ جنگوں تک کے خطرات اب دفاعی منصوبہ بندی کا حصہ بن چکے ہیں۔

جنرل دویدی نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کی بنیاد غیر یقینی، غیر استحکام، پیچیدگی اور ابہام پر ہوگی۔ ہلکے پھلکے انداز میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "یہاں تک کہ ٹرمپ کو بھی نہیں معلوم وہ کل کیا کریں گے۔ آج وہ کیا کر رہے ہیں، شاید انہیں خود بھی نہیں پتا!”

ان کے مطابق بھارتی فوج اس وقت سرحدی تنازعات، دہشت گردی، قدرتی آفات اور سائبر حملوں کے ساتھ ساتھ خلا میں ممکنہ جنگ، سیٹلائٹ حملوں، اور کیمیائی و حیاتیاتی خطرات جیسے نئے چیلنجز سے بھی نبرد آزما ہے۔