اٹلی میں برفانی تودے کی زد میں آکر 5 جرمن کوہ پیما ہلاک

اٹلی کے صوبے جنوبی ٹائرول میں برفانی تودے کی زد میں آکر پانچ جرمن کوہ پیما ہلاک ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دو مختلف مقامات پر پیش آیا، جہاں ریسکیو ٹیموں نے تمام پانچوں لاشیں نکال لی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون کوہ پیما بھی شامل ہیں، جن کے والد بھی اسی حادثے میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اطالوی ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کوہ پیما الگ الگ گروپس میں پہاڑوں کی بلندیوں کی جانب رواں دواں تھے، تاہم ایک گروپ جس میں تین افراد شامل تھے، برفانی تودے میں مکمل طور پر بہہ گیا اور کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔

رپورٹ کے مطابق دیگر کوہ پیماؤں نے فوری طور پر امداد کے لیے اطلاع دی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔

حکام نے بتایا کہ علاقے میں موسم انتہائی سرد اور برفباری کے باعث حالات خطرناک ہیں، جس کے پیش نظر مزید کوہ پیماؤں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔