سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا چاہیے،وسیم اکرم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کھیلوں میں سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ کھیل میں سیاست مجھے بالکل پسند نہیں، لیگ کرکٹ میں ہر ملک کے کھلاڑیوں کو شامل کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور بورڈز کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مگر بدقسمتی سے ایسا کوئی نہیں کر رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ آئی سی سی اور کرکٹ بورڈز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ تمام کھلاڑیوں کو کرکٹ لیگز میں کھیلنے کا موقع ملے۔

واضح رہے کہ ستمبر میں وسیم اکرم نے بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں موقع دیا گیا۔ بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھا کر ناقدین کو جواب دیا۔

سابق کپتان نے ایک بھارتی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا تھا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں شامل ہیں اور انہیں ہر حال میں اس فارمیٹ میں کھیلنا چاہیے۔