میکسیکو میں مقامی میئر کے قتل کے بعد پرتشدد مظاہرے

اُروپان: میکسیکو کی ریاست مِچوآکان میں مقامی میئر کے قتل کے بعد شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے، مظاہرین نے سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اُروپان شہر کے میئر کارلوس مانزو کو ایک عوامی تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی اور شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔

مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر حملہ کیا اور مِچوآکان کے گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک کو موقع پر ہلاک کردیا گیا، جبکہ دو مشتبہ افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔