اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے بعد متبادل انتظامات کے تحت فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پی کے 245 اسلام آباد تا دمام اور پی کے 761 اسلام آباد تا جدہ کی پروازیں روانہ ہو چکی ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ پروازوں کی ٹیک آف کلیئرنس بھی مرحلہ وار فراہم کی جا رہی ہے۔
پی آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ ائیرپورٹس پر کسی کو بھی مسافروں کو مشکلات میں ڈالنے یا پروازوں کی روانگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ای او پی آئی اے کے رویے کے خلاف ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا تھا، جس سے 12 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں اور درجنوں مسافروں، خصوصاً عمرہ زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ متبادل انجینئرنگ سروسز کے ذریعے فلائٹ شیڈول کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ متاثرہ مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزلوں تک پہنچایا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos