کراچی: ڈمپر حادثے میں جاں بحق نوجوان کی تدفین آج ہوگی

کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی 4 ماہ قبل شادی، آج تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی

کراچی کے علاقے رام سوامی گزدار آباد اسپتال کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والا نوجوان 20 سالہ شاہ زیب شادی کے صرف 4 ماہ بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔

متوفی کے والد محمد شاہد کے مطابق شاہ زیب 6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور صدر بوہری بازار میں کپڑوں کی دکان پر کام کرتا تھا۔ واقعے کے وقت وہ مارکیٹ سے سودا خرید کر گھر واپس جا رہا تھا جب تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماری۔

اہلخانہ کے مطابق شاہ زیب اپنی نئی زندگی سے بہت خوش تھا، مگر خونی ڈمپر نے سب خواب چکنا چور کر دیے۔ والد نے مطالبہ کیا کہ شہر میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی لگائی جائے کیونکہ بیشتر ڈرائیور غیر ملکی (افغانی) ہیں جنہوں نے جعلی شناختی کارڈ بنوا رکھے ہیں۔

متوفی کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر عثمان آباد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد میوہ شاہ قبرستان میں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔