محسن نقوی کا پارلیمنٹ لاجز کے زیر تعمیر نئے بلاک کا دورہ

اسلام آباد: پارلیمنٹ لاجز کا 13 سال سے زیر التواء نیا بلاک تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے زیر تعمیر بلاک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار بڑھانے کے لیے تین شفٹوں میں تعمیراتی عمل جاری رکھا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 2012 سے رکا ہوا یہ منصوبہ مکمل ہونے سے ارکان پارلیمنٹ کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کے مطابق عوامی فلاح سے متعلق تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ قومی وسائل کا بہترین استعمال ممکن بنایا جا سکے۔

دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔