خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوںمیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں دیر اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔

دیر میں بارش اور ژالہ باری کے دوران اندھیرا چھا گیا، ندی نالوں میں طغیانی سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک متاثر ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں سڑکوں پر کٹاؤ کے باعث آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔

شدید بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور ضلع بھر میں بجلی معطل رہی۔ کھڑی فصلوں، میوہ جات کے باغات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

سوات میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔ مینگورہ شہر میں ندی نالوں میں طغیانی اور نکاسی آب کے نظام کی خرابی کے باعث پانی سڑکوں پر پھیل گیا۔

ڈبلیو ایس ایس سی کی ناقص کارکردگی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔