اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے آج ہی ملاقات یقینی بنائیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کی بندش سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران یہ حکم دیا۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور ان کی ہمشیرہ علیمہ خان عدالت میں موجود تھیں۔
دوران سماعت جیل حکام نے رپورٹ جمع کرائی، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی حاصل نہیں، اس لیے مشاورت کے بغیر جواب نہیں دے سکتے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ فُل بینچ نے ملاقات کا حکم دیا تھا، اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ وہ صرف زبانی حکم تھا، تحریری کاپی فراہم نہیں کی گئی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ عدالت کے دستخط شدہ آرڈر جاری کیے گئے تھے، اگر کاپی نہیں ملی تو دوبارہ درخواست دیں۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ آج ہی ملاقات یقینی بنائی جائے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سمیت متعلقہ افسران جیل انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ پچھلے عدالتی حکم پر بھی ملاقات نہیں کرائی گئی، لیکن وہ کوشش جاری رکھیں گے۔
عدالت نے سلمان اکرم راجہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد مشاورت کے لیے وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos