18 ویں آئینی ترمیم صوبوں کے اختیارات کی ضمانت ہے،شازیہ مری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم صوبوں کے اختیارات کی ضمانت ہے اور اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے حوالے سے کافی عرصے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم اب حکومت نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے اور اس ترمیم پر حمایت مانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور 18 ویں ترمیم میں دیے گئے اختیارات سے پیچھے ہٹنا نہ مناسب ہے اور نہ ممکن۔

پی پی رہنما کے مطابق، 27 ویں ترمیم سے متعلق حکومتی تجویز کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

شازیہ مری نے واضح کیا کہ (ن) لیگ سے عوامی مسائل پر بات چیت ہو سکتی ہے، تاہم پیپلز پارٹی ہر معاملے کو اپنے اصولی مؤقف کی روشنی میں دیکھے گی۔ اگر حکومت کسی نکتے پر متفق ہے اور ہمیں قائل کرنا چاہتی ہے تو اس پر بات ہو سکتی ہے۔