فیصل آباد: پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 2 وکٹ سے شکست دی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے 263 رنز کا ہدف سیٹ کیا، جو ٹیم پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 2 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
سلمان علی آغا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، اُن کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لئے اچھی فتح تھی،دوسری اننگز میں گیند ٹرن ہورہی تھی،بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا۔
پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 رنز بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 45، صائم ایوب 39، حسین طلعت 22، محمد نواز 9، بابر اعظم 7 اور حسن نواز نے 1 رن بنایا۔
میزبان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 اور نسیم شاہ صفر رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جنوبی افریقا کے نگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت تو کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈرے پریٹوریئس نے ٹیم کو 98 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، پریٹوریئس 57 رنز بناکر صائم ایوب کا شکار بنے۔
ڈی کوک نے ٹونی ڈی زورزی کے ساتھ مل کر 43 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سینچری بھی مکمل کی، وہ 63 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ زورزی 18 رنز بناکر صائم ایوب کی باؤلنگ پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے 22 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ڈونووین فریرا 3، جارج لنڈے 2، رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کاربن بوش نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس طرح جنوبی افریقا کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف مل گیا۔
ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 3،3 صائم ایوب 2 جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos