عراق پر حملے کے حامی سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی چل بسے

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے سابق نائب صدر ڈک چینی 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ نمونیا اور دل کی بیماری میں مبتلا تھے اور گذشتہ رات وفات پا گئے۔

ڈک چینی 2001 سے 2009 تک صدر جارج ڈبلیو بش کے دورِ صدارت میں نائب صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ ان کے اہلِ خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ڈک چینی ایک باوقار اور محبِ وطن شخص تھے جنہوں نے اپنی زندگی خدمت، جرات، اور خاندانی اقدار کے فروغ کے لیے وقف کی۔

سابق صدر جارج بش نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ “ڈک چینی کا انتقال امریکہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، وہ میرے قریبی دوست اور ایک قابلِ فخر رہنما تھے۔”

ڈک چینی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1970 کی دہائی میں کیا، جب وہ صدر جیرالڈ فورڈ کے وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ بعدازاں وہ دس برس تک ایوانِ نمائندگان کے رکن اور 1989 میں وزیرِ دفاع کے عہدے پر فائز رہے۔

واضح رہے کہ ڈک چینی نے 2003 میں عراق پر امریکی حملے کی حمایت کی تھی، جو بعد میں عالمی سطح پر شدید تنقید کا باعث بنا۔