امید زندہ ہے،اسلاموفوبیا کی گنجائش نہیں،ظہران ممدانی کا پہلا خطاب

نیو یارک کے پہلے مسلم میئر ظہران ممدانی نے انتخابی فتح کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آج کا دن امید، اتحاد اور انصاف کی جیت کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شہریوں نے ثابت کر دیا کہ خوف کی سیاست ختم ہو چکی ہے اور اب شہر میں سب کیلئے برابری، شفافیت اور انصاف کا دور شروع ہوگا۔

ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کی عوام نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے، یہ شہر ٹیکسی ڈرائیورز، نرسوں اور محنت کش طبقے کا ہے، ہم ایک نئی قیادت کے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے اپنی مہم میں حصہ لینے والے ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “یہ کامیابی آپ سب کی وجہ سے ممکن ہوئی، ہم آپ کیلئے کام کریں گے کیونکہ ہم آپ ہی میں سے ہیں۔”

نو منتخب میئر نے مزید کہا کہ نیویارک میں اسلامو فوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، ہم سب کیلئے مساوی مواقع اور حقوق کو یقینی بنائیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا، “ڈونلڈ ٹرمپ، میں جانتا ہوں آپ دیکھ رہے ہیں، تو آواز اونچی کریں (Turn The Volume Up) کیونکہ یہ پیغام سب کیلئے ہے۔”

انہوں نے کہا کہ نیویارک کو وہی لوگوں نے مضبوط کیا ہے جنہیں اکثر نظرانداز کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بدعنوانی اور امتیاز کے کلچر کو ختم کریں۔