بھارت:چھتیس گڑھ میں ٹرین حادثہ،11 افراد،ہلاک،متعدد زخمی

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں خوفناک ٹرین حادثے میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر ٹرین اسٹیشن کے قریب کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کٹنگ مشینوں کی مدد سے بوگیوں کو کاٹ کر پھنسے مسافروں کو نکالا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بھارت کا ریلوے نیٹ ورک دنیا کا چوتھا بڑا نظام ہے جو اس وقت 30 ارب ڈالر کی لاگت سے جدیدیت کے عمل سے گزر رہا ہے۔