اسلام آباد: بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان نے دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے امن، رواداری، مساوات اور تحمل و برداشت کا پیغام دیا، جو آج بھی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات انسانیت سے محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دیتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ یہاں بابا گرو نانک سے منسلک متعدد مقدس مقامات، خصوصاً گرودوارہ جنم آستان ننکانہ صاحب موجود ہیں۔ حکومت ان مقامات کی حفاظت اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ہر سال سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتی ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات مکمل آزادی کے ساتھ ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکھ برادری کو جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے انسانیت، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور حکومت نے ان کے قیام و سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اُنہوں نے کرتارپور راہداری کو پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال قرار دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مذہبی، سماجی اور انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos