سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ 27ویں کے بعد 28ویں آئینی ترمیم کی تیاری بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 27ویں ترمیم سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے 22 اکتوبر 2024 کو ہی پیشگوئی کی تھی کہ 27ویں ترمیم آئے گی، اور اب 28ویں ترمیم پر بھی کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی ضامن پیپلز پارٹی ہے، اور بلاول بھٹو ایک جمہوری رہنما ہیں جنہوں نے اور ان کے خاندان نے جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ورکنگ ریلیشن بہتر ہے، جبکہ 27ویں ترمیم کے معاملے پر سب جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کی ضرورت پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے، اور ماضی میں اقدامات نہ ہونے پر ہی آئینی بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔
سابق وزیر کے مطابق ضعیف سیاستدان اگر کام کر سکتے ہیں تو ملازمت کی مدت میں توسیع بھی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ڈیفنس سسٹم کو مضبوط کرنا اور ملٹی ڈومین جنگ کی تیاری وقت کی ضرورت ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام معاملات اتفاقِ رائے سے چل رہے ہیں جو خوش آئند ہے، تاکہ ملک میں کسی قسم کے سیاسی یا آئینی بحران سے بچا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بزرگ ہیں، بات چیت سے ضرور اتفاق ہو جائے گا، اور اگر کوئی 27ویں ترمیم پر بحث چاہتا ہے تو وہ بھی ممکن ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos