ادب کی ڈاکٹر،بھارتی نژاد مسلمان خاتون غزالہ ہاشمی محض 6سال کی سیاست کے بعد امریکی ریاستی لیفٹینٹ گورنر بن گئیں۔ری پبلکن پارٹی کا قلعہ سمجھی جانے والی ریاست ورجینیا میں حیران کن فتح حاصل کرنے والی بھارتی نژاد غزالہ نے ٹھیک 6برس پہلے سیاست کا آغاز کیا تھا۔
نومبر2019میں پہلی بار عوامی عہدے کے لیے منتخب ہو کر غزالہ نے سینیٹ الیکشن میں رپبلکن امیدوار کے خلاف غیر متوقع کامیابی حاصل کی۔ان کی اس کامیابی سے کئی برس بعد ڈیموکریٹس کو وہاں اکثریت ملی اور سیاسی حلقوں میں ان کا چرچاشروع ہوگیا۔وہ 15ویں ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ورجینیا سے سینیٹ الیکشن جیتنے والی پہلی مسلمان اور پہلی جنوبی ایشیائی امریکی خاتون ہیں۔
2019 میں ریاستی سینیٹرکے طورپر انتخاب انہیں ورجینیا کی پہلی مسلم خاتون قانون ساز بنا گیا، اور اب وہ ریاستی سطح پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون بن گئی ہیں۔2024میں انھیں سینیٹ کی تعلیم اور صحت کمیٹی کی سربراہ نامزد کیا گیا تھا۔
انھوں نے رپبلکن امیدوار جان ریڈ کو شکست دی ہے۔ غزالہ ہاشمی نے 7لاکھ 47ہزار 773ووٹ (53.8فیصد)حاصل کیے۔ ان کے حریف کو 6لاکھ 59ہزار 421ووٹ (46.4 فیصد)ملے۔
وہ پوری مہم کے دوران سبقت میں رہیں، اگرچہ انتخابات سے قبل کے آخری دنوں میں فرق کچھ کم ہوا تھا۔
جون میں غزالہ ہاشمی نے سخت مقابلے میں سابق رچمنڈ میئر لیور اسٹونی اور ریاستی سینیٹر ایرن راس کو شکست دے کر ڈیموکریٹک نامزدگی حاصل کی تھی۔
ورجینیامیں گورنر کاعہدہ بھی ایک خاتو ن ہی جیتی ہیں۔ڈیموکریٹکی امیدوار ایبیگیل سپینبرگ نے گورنر کی نشست جیت کر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
غزالہ بھارتی شہر حیدرآباد میں 1964میں پیدا ہوئیں۔وہ چار سال کی عمر میں اپنے والدین تنویر اور ضیا ہاشمی کے ساتھ امریکی ریاست جارجیا آئی تھیں۔ والد ضیا ہاشمی انٹرنیشنل ریلیشنز (بین الاقوامی تعلقات)میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے اور اپنی یونیورسٹی میں تدریسی کریئر کا آغاز کرنے والے تھے۔ غزالہ کے والدعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔ انھوں نے وہاں سے ایم اے اور ایل ایل بی کی ڈگریاں حاصل کیں۔غزالہ کی والدہ تنویر ہاشمی نے عثمانیہ یونیورسٹی کے ویمنز کالج سے بی اے اور بی ایڈ کی تعلیم حاصل کی ہے۔
نمایاں پوزیشن کے ساتھ ہائی سکول سے فارغ ہونے اور متعدد فل سکالرشپس اور فیلوشپس حاصل کرنے کے بعد غزالہ نے جارجیا سدرن یونیورسٹی سے اعزاز کے ساتھ بی اے اور اٹلانٹا کی ایموری یونیورسٹی سے امریکی ادب میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہیں۔وہ1991میں شادی کے بعد اپنے شوہر اظہر رفیق کے ساتھ رچمنڈ منتقل ہو ئیں۔ انھوں نے تقریباً 30 سال تدریس کے شعبے میں گزارے، پہلے یونیورسٹی آف رچمنڈ میں اور پھر رینالڈز کمیونٹی کالج میں پڑھایا۔رینالڈز میں انھوں نے تدریس و تعلیم میں بہترین کارکردگی کے مرکز سی ای ٹی ایل کی بانی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
غزالہ اور اظہر کی دو بڑی بیٹیاں ہیں جو چیسٹر فیلڈ کانٹی کے پبلک سکولوں اور یونیورسٹی آف ورجینیا سے فارغ التحصیل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos