ٹرمپ کا یوٹرن،ظہران ممدانی کی کامیابی کے لیے تعاون کا اعلان

واشنگٹن/میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کے نئے منتخب میئر ظہران ممدانی کے لیے تعاون کا عندیہ دیا ہے۔

میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ ممدانی نیویارک میں کس طرح کام کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر تھوڑی مدد فراہم کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ نیویارک کے شہریوں نے بائیں بازو کے میئر کو منتخب کر کے امریکا کی خودمختاری کے لیے ایک چیلنج پیش کیا ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ ظہران ممدانی سے تعاون کے لیے وہ بات کرنے کے لیے تیار ہیں، اور اگر تعاون نہیں کیا گیا تو میئر کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے عالمی سطح پر اسلحہ اور طاقت کے توازن پر بھی گفتگو کی اور چین اور روس کے حوالے سے اپنی رائے دی۔ تقریب کے آخر میں امریکی صدر نے ہلکے پھلکے انداز میں رقص بھی کیا۔

یاد رہے کہ الیکشن سے پہلے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ ممدانی کے منتخب ہونے کی صورت میں وہ انہیں کچھ منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہیں کریں گے، لیکن اب انہوں نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے۔