ٹرمپ انتظامیہ نے 80 ہزار تارکینِ وطن کے ویزے منسوخ کر دیے

واشنگٹن: امریکی حکومت نے مختلف جرائم میں ملوث 80 ہزار تارکینِ وطن کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔

سینئر امریکی حکام کے مطابق ویزوں کی منسوخی زیادہ تر تشدد، چوری، اور نشے میں ڈرائیونگ جیسے مقدمات کی بنیاد پر کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 16 ہزار ویزے نشے میں ڈرائیونگ جبکہ 12 ہزار ویزے تشدد کے الزامات پر منسوخ کیے گئے۔

حکام نے بتایا کہ ویزا میعاد ختم ہونے اور قانون کی خلاف ورزی پر صرف اگست کے مہینے میں 6 ہزار طلبہ کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے۔

علاوہ ازیں، خبر ایجنسی کے مطابق چارلی کرک پر حملے کے بعد اشتعال انگیز پوسٹیں شیئر کرنے پر گزشتہ ماہ مزید 6 ویزے منسوخ کیے گئے۔

امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ داخلی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔