اٹلی نے بلوچستان سے چوری شدہ قدیم نوادرات پاکستان کے حوالے کردیے

اٹلی نے بلوچستان کے آثارِ قدیمہ سے چوری ہونے والے 5 ہزار سال پرانے تاریخی نوادرات پاکستان کو واپس کردیے ہیں۔

روم میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق یہ نوادرات بلوچستان کے کلی اور نال کے مقامات سے تعلق رکھتی ہیں، جو کانسی کے دور اور وادیِ سندھ کی تہذیب سے بھی پہلے کے زمانے سے وابستہ ہیں۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ نوادرات اٹلی میں بیرونِ ملک اسمگلنگ کے دوران ضبط کیے گئے تھے، بعدازاں انہیں روم میں پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ اس سے قبل بھی اپریل میں میلان میں سات نوادرات پاکستانی قونصلیٹ کو واپس کیے گئے تھے۔

پاکستانی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ چوری شدہ نوادرات کی واپسی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

گزشتہ 18 برسوں میں اٹلی کی جانب سے تقریباً 100 قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان اور اٹلی کئی دہائیوں سے آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں، جبکہ اطالوی ماہرین پروفیسر لوکا ماریا اولیویری اور پروفیسر والیریا فیورانی پیاسینٹینی کو ان خدمات پر پاکستان کی جانب سے قومی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔