اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر شہداء جموں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ جموں کے قتلِ عام کو نسل کشی تسلیم کرتے ہوئے بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کو ڈوگرہ افواج اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور لاکھوں کو ہجرت پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں مسلم اکثریتی علاقہ اقلیت میں بدل گیا۔
صدر کے مطابق جموں کا قتلِ عام برصغیر کی تاریخ کے سیاہ ترین سانحات میں سے ایک ہے جسے عالمی سطح پر وہ توجہ نہیں ملی جس کی وہ مستحق ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام اور ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، خصوصاً 6 نومبر 1947 کے شہداء کو۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے جو آج بھی ان کے دلوں پر تازہ زخم کی طرح ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos