کوٹ ادومیں10ویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا آغاز آج سے ہو گا

کوٹ ادو: جنوبی پنجاب کے ریگستانی علاقے میں دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی آج سے شروع ہوگئی، جو 9 نومبر تک جاری رہے گی۔

ریلی کے افتتاحی دن گاڑیوں کا معائنہ، رجسٹریشن، ٹیگنگ اور ریسرز کے میڈیکل ٹیسٹ کوٹ ادو کے چھانگہ مانگہ ٹیلہ پر سہ پہر 3 بجے تک کیے جائیں گے۔

200 کلومیٹر طویل ٹریک ضلع لیہ اور کوٹ ادو کے علاقوں پر مشتمل ہے۔ 7 نومبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ کوٹ ادو میں چھانگہ مانگہ کے مقام پر ہوگا، جبکہ 8 نومبر کو اسٹاک کیٹیگری ریس کے ساتھ لیہ کے چوبارہ میں ثقافتی پروگرام اور فائر ورکس کا انعقاد کیا جائے گا۔

9 نومبر کو پریپیئرڈ، خواتین، بگی اور کواڈ بائیک کیٹیگری کی ریسز ہوں گی۔ اسی روز فیصل اسٹیڈیم مظفرگڑھ میں ثقافتی رات اور انعامات کی تقسیم کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

تھل ریلی کا انعقاد ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پنجاب (TDCP) اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

ریلی اور میلے کے موقع پر شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 8 نومبر بروز ہفتہ ضلع بھر میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔