کرک میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
پولیس اور انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق یہ ٹارگٹڈ آپریشن امبیری کلہ کے علاقے میں سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا، ضلعی پولیس اور سویلین انٹیلیجنس اداروں کی جانب سے کیا گیا۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا خطرناک دہشتگرد نثار حکیم مارا گیا۔
چار گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس آپریشن میں دہشتگردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی، تاہم فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی مکمل کی۔ مقابلے میں چار پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد بین الصوبائی دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، جب کہ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور دیگر اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک میں امن کے قیام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos