فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بیٹنگ چلی نہ بولنگ،جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

فیصل آباد: جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کرلی۔

پروٹیز نے گرین شرٹس کی جانب سے ملنے والا 270 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 40.1 اوورز میں مکمل کرلیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ، ٹونی ڈی زورزی 76 اور لووان پریٹوریئس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو بریٹزے 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں فیصل آباد کے اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

 اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ابتدائی بلے باز فخر زمان صرف 3 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔کپتان بابر اعظم 11 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 4 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے۔ابتدائی جھٹکوں کے بعد سیم ایوب اور آغا سلمان نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا۔

سیم ایوب نے 53 رنز (5 چوکوں اور ایک چھکے) کے ساتھ شاندار اننگز کھیلی، جبکہ آغا سلمان نے 69 رنز کی محتاط اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔آخر میں محمد نواز نے تیز رفتار 59 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔فہیم اشرف نے 28 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 46 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نقابایومزی پیٹر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کاربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 270 رنز کا ہدف درکار ہیں۔