افغان طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بھارت افغانستان میں "ہندو ریسرچ سینٹر” قائم کرے گا، جس کا مقصد زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ یہ اعلان کابل میں افغان وزیر زراعت عطااللہ عمری اور بھارتی سفارتخانے کے ناظم الامور کرن یادو کی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
وزارتِ زراعت کے مطابق ملاقات میں زراعت، آبپاشی، مالداری، زرعی مصنوعات کی برآمد اور جدید مشینی آلات کی درآمد جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
افغان وزیر عطااللہ عمری نے زور دیا کہ افغانستان کو موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے مزاحم فصلوں پر تحقیق کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر بھارتی سفارتکار نے یقین دہانی کرائی کہ بھارت اس مقصد کے لیے افغانستان میں "افغان۔ہندو ریسرچ سینٹر” کے نام سے تحقیقی ادارہ قائم کرے گا۔
عطااللہ عمری نے بھارت سے درخواست کی کہ وہ افغانستان کے مختلف زرعی شعبوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرے اور افغان تاجروں کے لیے ویزا کے حصول میں آسانیاں پیدا کرے۔
طالبان حکومت کے مطابق بھارت کے ساتھ زرعی تعاون سے نہ صرف تحقیق اور پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos