اسلام آباد، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد نے کائنات سکول سسٹم کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ سپورٹس گالا میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
سکول انتظامیہ کی جانب سے ڈائریکٹر کائنات سکول سسٹم، جناب محمد عمران نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کا پُرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکرٹری ذوالفقار احمد نے کہا کہ سپورٹس گالا میں طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ ہماری نئی نسل نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لے رہی ہے، جو ایک خوش آئند علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے بچوں میں ٹیم ورک، برداشت اور قیادت کے اوصاف پیدا ہوتے ہیں، جو ان کی شخصی اور سماجی تربیت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ سیکرٹری موصوف نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی و سماجی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں، کیونکہ ایک تربیت یافتہ نسل ہی مضبوط اور مستحکم معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
سیکرٹری ذوالفقار احمد نے اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی، جناب چوہدری سالک حسین کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور نئی نسل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
آخر میں، کائنات سکول سسٹم کی انتظامیہ کی جانب سے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos