مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی، پاک بحریہ کے دستے نے فرائض سنبھال لیے

لاہور: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں، سرکاری شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مزار پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات، سیمینارز اور مشاعرے منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں علامہ اقبال کی خدمات، افکار اور قومی نظریے پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم سیالکوٹ سے حاصل کرنے کے بعد وہ لاہور آئے اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ روانہ ہوئے۔

اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری پیدا کی۔ ان کے افکار اور اشعار آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

اقبال منزل سیالکوٹ میں شاعر مشرق کے زیرِ استعمال رہنے والی کرسی، میز، بستر، حقہ اور دیگر اشیاء آج بھی اپنی اصلی حالت میں محفوظ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔