27ویں ترمیم میں صدر کے تاحیات استثنیٰ اور نیب ختم کرنے کا پی پی مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے ساتھ 27ویں آئینی ترمیم پر مذاکرات کے دوران صدر کے لیے تاحیات استثنیٰ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے خاتمے کا مطالبہ پیش کیا ہے۔

آئین کی شق 248 کے تحت صدر اور گورنر کو اپنے عہدے کے دوران کسی بھی فوجداری کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے اس استثنیٰ کو صدر کے عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ پارٹی نے نیب کے خاتمے کا مطالبہ بھی دہرایا، جو کہ 2006 میں میثاق جمہوریت کا حصہ تھا اور جس کے تحت نیب کو خودمختار پارلیمانی نگرانی میں کام کرنے والے احتساب کمیشن میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرتضیٰ وہاب کے مطابق ترمیم کے مسودے میں صدر، گورنر، وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ و وزراء کے آئینی تحفظات بحال کرنے کے نکات شامل کیے جائیں گے۔ جبکہ نیب کے خاتمے جیسے نکات زیرِ بحث ہیں اور ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ن لیگ بھی اس موقف سے متفق ہے کہ نیب کا بالآخر خاتمہ ہونا چاہیے، جیسا کہ میثاقِ جمہوریت میں وعدہ کیا گیا تھا۔

یہ ترمیم پارلیمانی جائزے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد حتمی شکل اختیار کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔