سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے اور عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ باہمی دلچسپی کے امور اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کو جرمن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور دونوں ممالک کے سرمایہ کار مشترکہ منصوبوں پر غور کریں۔ انہوں نے سکل ڈویلپمنٹ اور پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن میں جرمن ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی زور دیا۔
صوبائی وزیر شافع حسین نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار صنعت لگائیں گے۔
وفاقی وزیر سالک حسین نے بیرون ملک ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت اور صنعتی اسٹیٹس میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔
ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور صنعت کار بھی شریک ہوئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos