لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی اور امن کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں پنہاں ہے، نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
امن اور ترقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خوشحالی، سکون اور پائیدار مستقبل کے لیے سائنس ہی راستہ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی ترغیب دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ حکومت نوجوانوں اور طلبہ کو سائنسی ریسرچ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی، مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر اور نواز شریف کینسر انسٹیٹیوٹ میں سائنسی تحقیق کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے جدید ترین ماڈلز پیش کیے۔ ایک طالبعلم نے وائی فائی سے 100 گنا تیز لائی فائی کا ماڈل پیش کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر شعبے کو جدید سائنسی خطوط اور ڈیجیٹل بنانے کی راہ پر گامزن ہے، اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کی مکمل حمایت دی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos