کابل: افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر اسد اللہ خان نے کرکٹ آسٹریلیا پر دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں اسد اللہ خان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کا رویہ "اسپرٹ آف دی گیم” کے منافی ہے، افغانستان کرکٹ ٹیم کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق افغان ٹیم نے ایلیٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے مقام بنایا ہے، جبکہ ویمن ٹیم کی بحالی میں وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے کرکٹ میں اپنی کامیابیاں میرٹ پر حاصل کی ہیں، کسی فیورٹ ازم یا چیریٹی کی بنیاد پر نہیں۔ کرکٹ کو سیاست سے جوڑنا کھیل کے لیے نقصان دہ ہے۔
یاد رہے کہ طالبان کے 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ تمام دوطرفہ سیریز منسوخ کر دی تھیں، جس میں ہوبارٹ کا ٹیسٹ اور 2023 میں یو اے ای میں شیڈول ون ڈے سیریز شامل تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا کا مؤقف ہے کہ خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے سے روکنے کے باعث وہ افغانستان کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکتے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos