اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنانے والے سیشن جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی 2004 کی آبزرویشن کے تحت سیشن جج ناصر جاوید رانا کی تعیناتی چیلنج کی گئی ہے۔ وکیل نے کہا کہ معاملہ اکتوبر 2025 میں میڈیا پر ہائی لائٹ ہوا، اور غیر قانونی کارروائی کی نشاندہی کی گئی، ریکارڈ بھی موجود ہے۔
عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ 22 سال بعد کیس عدالت میں لانے سے بدنیتی ظاہر ہوتی ہے، تاہم انہوں نے درخواست پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ آرڈر جلد جاری کیا جائے گا اور اس دوران عدالت نے کیس کی دیگر قانونی پیچیدگیوں اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کو بھی مدنظر رکھنے کا عندیہ دیا۔
یہ کیس ملکی عدالتی تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے کیونکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سیشن جج کے فیصلے پر سوال اٹھایا گیا ہے اور عدالت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos