ماسکو ،روس نے اپنے لڑاکا طیارے مگ 31 کو چوری کرنے کے یوکرینی اور برطانوی منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کر دیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ماسکو نے یوکرینی اور برطانوی سازش کے تحت اپنے لڑاکا طیارے مگ 31 کی چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔ سرکاری میڈیا نے بتایا کہ روس کی وفاقی سلامتی سروس (ایف ایس بی) نے سازش کو ناکام بنایا جس میں روسی پائلٹوں کو 3 ملین ڈالر کی پیشکش کر کے Kinzhal ہائپرسونک میزائل سے لیس مگ 31 کو چوری کرنے کا کہا گیا۔ ایف ایس بی کے مطابق منصوبے کے تحت لڑاکا طیارے کو رومانیہ کے شہر کونستانتا میں نیٹو ایئر بیس پر لانا تھا، یوکرین اور برطانیہ نے طیارے کا استعمال کرتے ہوئے ایک بڑی اشتعال انگیزی کی منصوبہ بندی کی تھی۔ سرکاری ٹی وی نے پیغامات اور ایک شخص کی ریکارڈنگز کی تصاویر دکھائیں جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یوکرینی اور برطانوی انٹیلی جنس کیلیے کام کر رہا تھا اور اس نے ایک روسی پائلٹ کو مگ کو یورپ اڑانے کیلیے 3 ملین ڈالر کی پیشکش کی تھی اور پائلٹ کو شہریت بھی آفر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ روس کا Kinzhal ایک ہوا سے لانچ کیا جانے والا بیلسٹک میزائل ہے جسے ماسکو ہائپرسونک کہتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos