کراچی: اسپورٹس فار لائف کے زیرِ اہتمام اور کیمز کالج کے اشتراک سے انٹر اسکول و انٹر کالجیٹ گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے مختلف اسکولوں اور کالجز کی 10 ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
رنگا رنگ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد حبیب گرلز کالج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ الفا کالج کو رنر اپ قرار دیا گیا۔
اسپورٹس فار لائف کے سی ای او شہزاد قاضی کے مطابق اسپورٹس فار لائف ماضی میں بھی اس طرح کی سرگرمیاں کرتا رہا ہے تاکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے کھلاڑیوں کو ملکی سطح پر مقابلوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایسے مواقع ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مسٹر شہزاد چمڈیا (صدرکیمز کالج) تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کا کھیلوں میں بڑھتا ہوا رجحان ایک مثبت پیش رفت ہے اور اسی طرح کے ایونٹس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ سارہ ثناء (پرنسپل کیمز کالج) نے بھی اپنی ٹیم اور تمام شرکاء کی محنت کو سراہا اور اسپورٹس فار لائف کی جانب سے خواتین کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
تقریب کے مہمانانِ اعزاز میں پاکستان فٹنس اسکول کے بانی محمد طالب اور محمد افروز (بیورو چیف، ڈیلی پاکستان) شامل تھے جنہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزرز کو مبارکباد دی۔
ٹورنامنٹ میں شریک کوچز میں ذرقہ روبی، فرحین عادل، نادیہ گھانجی، بشریٰ عمران، عامر خان (الفا کالج) اور شببر (حبیب گرلز اسکول) شامل تھیں، جبکہ ثناء تبسم (کیمز کالج کوچ) نے ایونٹ کی تیاریوں اور تربیتی سیشنز میں نمایاں کردار ادا کیا۔
میڈیا کوآرڈینیٹر کے فرائض محمد ریحان اکرم نے انجام دیے، جبکہ آفیشل ٹیم میں قدسیہ راجہ اور ثناء تبسم نے اپنے فرائض بخوبی انجام دیے۔
شرکا، والدین اور مہمانوں نے ایونٹ کے بہترین نظم و نسق اور مثبت ماحول کو سراہا۔ اسپورٹس فار لائف کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos