وانا — تعلیم دشمن عناصر کی جانب سے کیڈٹ کالج وانا پر کیے گئے بزدلانہ حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حکومت کے مضبوط عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے کالج میں موجود 650 طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت نکالا، جب کہ آپریشن کے دوران متعدد حملہ آوروں کو بے اثر کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ “دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، عسکری اور سول ادارے اس مقصد کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ “بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم اور استقامت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔”
سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
انہوں نے پوری قوم کی جانب سے افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔”
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos