اسلام آباد/لاہور: پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق کالجز اور اسکولز میں داخلے کے تمام دروازے بند رکھے جائیں گے اور مرکزی داخلے پر سخت چیکنگ ہوگی۔
تعلیمی اداروں میں طلبا اور عملے کے لیے شناختی کارڈز لازمی قرار دیے گئے ہیں، اور اسٹیکرز کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں لگائی جائیں گی اور رات کے اوقات میں روشنی کا انتظام کیا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالجز میں مناسب تعداد میں سیکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے، سی سی ٹی وی کیمرے 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں اور فائر الارمز و آلات بھی نصب کیے جائیں۔ اساتذہ اور طلبا کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اسلام آباد کے تمام اسکولز اور کالجز کو بھی سیکیورٹی انتظامات مضبوط کرنے کی ہدایت دی ہے اور تمام اداروں سے ہفتہ وار سکیورٹی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos