اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ نے انسدادِ دہشتگردی، منشیات اور دیگر جرائم سے نمٹنے کے لیے تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر نے ملاقات کی، جس میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سمیت نیکٹا، این سی سی آئی اے، نیشنل فرانزک ایجنسی، وزارتِ داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔
ملاقات میں دہشتگردی، منشیات، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسدادِ منشیات اور فرانزک تربیت سے متعلق کورسز کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔
فریقین نے بچوں کی آن لائن ہراسانی کی روک تھام اور ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں دوطرفہ اشتراک کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پانچ ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈی جی این سی اے نے اسلام آباد میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے تمام تانے بانے ہمسایہ ملک سے جا ملتے ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید فرانزک ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد مزید بڑھائی جا رہی ہے، جبکہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے برطانیہ کے ساتھ مشترکہ اقدامات جاری ہیں۔
ڈی جی این سی اے گرائم بیگر نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسدادِ منشیات کے ضمن میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos