راولپنڈی: دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 289 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے جینتھ لیانیج 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، کمینڈو مینڈس نے 44، سدیرا سمارا وکرما نے 42، کامل مشرا نے 24، پاتھم نسانکا نے 24 رنز سکور کیے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کوشال مینڈس 20، کپتان کیرتھ اسالنکا 6 جبکہ دشمانتھا چمیرا بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، وانند ہاسارنگا نے 37 اور پرامود مدوشن نے 11 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث رؤف نے تین ، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان شاہین آفریدی طبیعت ناساز ہونے کے باعث پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہیں، ان کی جگہ سلمان آغا ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں ایک اور تبدیلی بھی کی گئی ہے۔ فہیم اشرف کو آرام دیا گیا ہے جبکہ محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔سری لنکن ٹیم میں مہیش تھیکشانا کی جگہ پرمود مدھوشن کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos