روس نے یوکرین پر وسیع پیمانے پر حملہ کرتے ہوئے 430 ڈرونز اور 18 میزائل داغے۔ اس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ حملوں میں شہری آبادی، رہائشی عمارتیں اور توانائی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ان حملوں میں آذربائیجان کے سفارت خانے کی عمارت بھی متاثر ہوئی، جس پر آذربائیجان نے روسی سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
رپورٹس کے مطابق، کیف میں 6 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ جنوبی یوکرین میں مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں میں کم از کم 35 افراد شامل ہیں، جن میں ایک حاملہ عورت بھی ہے۔ توانائی کے انفراسٹرکچر پر حملوں کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
روس کی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ حملوں کا مقصد یوکرینی دفاعی اور توانائی کے ہدف تھے۔ روس نے نیٹو کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ براہِ راست مداخلت کرتے ہیں تو روس اور نیٹو کے درمیان جنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos