پی ایس ایل 11:شیڈول اور فرنچائزز کے معاملات پر ڈیڈلاک برقرار

 

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے شیڈول اور میچز کی تعداد پر فرنچائزز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان تاحال اتفاق نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 آئندہ سال اپریل اور مئی میں منعقد ہوگا۔ پی سی بی نے 2 نئی ٹیموں کی فروخت کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر 44 سے 60 میچز کی تعداد پر بات چیت جاری ہے۔ فرنچائزز کا موقف ہے کہ ابتدائی راؤنڈ میں ہر ٹیم کم از کم 14 میچز کھیلے، جبکہ بورڈ کا کہنا ہے کہ ونڈو کی محدودیت کے سبب ایسا ممکن نہیں۔

ٹیم اونرز نے تجویز دی کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 2-2 میچز رکھے جائیں تاکہ میچز کی تعداد میں توازن قائم ہو، اس معاملے پر مذاکرات جاری ہیں۔

دوسری جانب، مینیجر پارٹنر شپس اینڈ پلیئرز ایکویزیشن شعیب خالد کے استعفیٰ کے بعد پی سی بی نے اب تک کوئی مستقل متبادل مقرر نہیں کیا۔ پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایجنٹس کے ساتھ رابطے کے لیے کسی تجربہ کار افیشل کی تقرری ضروری ہے، جس کے لیے بورڈ نے سابق ملازمین اور فرنچائزز سے وابستہ موجودہ افیشلز سے بھی رابطے کیے ہیں۔

امکان ہے کہ نئے افیشل کا تقرر رواں ماہ ہی کیا جائے گا تاکہ پی ایس ایل 11 کی منصوبہ بندی مکمل ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔