رائیونڈ: پنجاب میں تھری وہیلر الیکٹرک وہیکلز پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے فیکٹری کا افتتاح کیا اور الیکٹرک رکشوں کی تیاری کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت الیکٹرک وہیکلز کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے کی نئی ای وی پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی جبکہ انوائرمنٹ کریڈٹ پالیسی پر بھی کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ چین سے ایک ہزار الیکٹرک بسیں منگوائی گئی ہیں اور کوشش ہے کہ الیکٹرک بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ بھی پنجاب میں قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور انسدادِ اسموگ میں نمایاں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ میں 1400 ایکڑ بنجر زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے جبکہ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بزنس فیسلی ٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جا رہا ہے۔
چوہدری شافع حسین کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹس میں رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ منسوخ کیے جا رہے ہیں۔ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار سات نئی فیکٹریوں کے قیام کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جبکہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بھی چھ نئے کارخانے لگنے کی تیاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چین کے تین سرکاری دوروں کے دوران متعدد سرمایہ کار گروپوں سے ملاقاتیں ہوئیں اور کوشش ہے کہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹس صرف بنجر زمینوں پر بنائی جائیں تاکہ زرعی زمین محفوظ رہے۔
صوبائی وزیر نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت چھ اسپتال بنانے کے دعوے کرتی رہی لیکن ایک بھی مکمل نہ کر سکی، جبکہ موجودہ حکومت نے دو سال کے دوران دو اسپتال مکمل کر لیے ہیں۔ ان کے مطابق مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی فلاح کے لیے نمایاں اقدامات کر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos