کراچی،بجلی بندش سے دھابیجی لائن پھٹ گئی،شہر کو پانی کی قلت کا سامنا

کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی پہنچانے والی اہم لائن نمبر 5 پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے ہونے والے بریک ڈاؤن سے سیکنڈ فیز کے چار پمپ بند ہوگئے، جس کے بعد پانی کی ترسیل میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ لائن پھٹنے کے باعث کم از کم 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔

حکام کے مطابق ٹیموں نے متاثرہ لائن کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا ہے۔ واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمت 24 گھنٹے میں مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد لائن نمبر 5 سے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مرمت کے دوران پانی احتیاط سے استعمال کریں، جبکہ واٹر کارپوریشن کی عملہ صورتحال کو مستقل مانیٹر کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔